ایک نیوز :پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی سخت ،پنجاب کے تین شہروں میں رینجرز کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا اختیار دیدیا گیا۔
دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیش نظر پنجاب کے تین شہروں میں رینجرز کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا اختیار دے دیا گیا ہے، 30 جون تک حساس اضلاع میں کارروائیاں کی جائیں گی۔
رینجرز کے خفیہ آپریشنز کا فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب کے امن و امان کے اجلاس میں کیا گیا، جس کے تحت رینجرز 30 جون تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرسکے گی۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے گزشتہ ماہ ترپن تھریٹ الرٹ جاری کیے۔ جن کے مطابق لاہور، ا ٹک اور ڈی جی خان حساس ترین اضلاع قرار پائے ہیں۔ جہاں دہشت گرد تنظیمیں سیاسی و مذہبی شخصیات کو ٹارگٹ کرسکتی ہیں۔
خدشات کے پیش نظر رینجرز تینوں حساس اضلاع کو ترجیحات پر رکھ کر خفیہ آپریشن کرے گی۔
اجلاس میں پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار اور وسائل بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔