ایک نیوز:مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کا کہنا ہے کہ کھوسہ، ڈیم والے بابا، عمران اور اس کی دو بیساکھیوں نے ملک کو لوٹا۔
بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کاکہنا تھا کہ پیٹرول ڈیزل مہنگا کرنے کے پیچھے عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے ہیں، جن حالات سے ملک گزرا، شکر کرنا چاہیے کہ پاکستان بچ گیا۔ عمران خان نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدہ کرکے وعدہ خلافی کی، عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے توڑنے کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے4سالہ جبر کے دور میں ن لیگی کارکنوں نے وفا نبھائی۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچایا ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ میرے عہدے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ میں عہدوں کی محتاج نہیں ہوں، عوام کی محبت سرمایہ ہے۔ عوام کی محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز کا کہنا تھا کہ 5کے ٹولے نے ملک کو لوٹا، آج سب کے نام لوں گی، کھوسہ، ڈیم والے بابا، عمران اور اس کی دو بیساکھیوں نے ملک کو لوٹا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے جب سے اقتدار سنبھالا مخالفین نے سمجھ لیا کہ ن لیگ خاموش ہوگئی۔ جب سے اقتدار سنبھالا مخالفین نے سمجھ لیا کہ ن لیگ شاید کمزور ہوگئی، تم نے جتنے میدان میں چکر لگانے تھے لگا لیے اب ن لیگ کی باری ہے، نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ کے جلسوں کا آغاز بہاولپور سے ہوگا۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نواز نےکہا کہ پشاور دھماکے میں شہید اور زخمی افراد کیلئے دعاگو ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ مجھے علم ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، گیس بجلی، روٹی مہنگی ہے، مجھے ملک میں مہنگائی کا احساس ہے دلی تکلیف ہے، ملک میں مہنگائی پر نواز شریف لندن میں پریشان ہیں۔