ایک نیوز: اسلام آباد ضلع کچہری کی سکیورٹی صورتحال انتہائی خراب ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیشن جج کی جانب سے رجسٹرار ہائیکورٹ کو بھیجی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ کچہری کے انٹری پوائنٹ پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے اور ایل ای ڈیز خراب ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالتوں، سائلین، وکلاکوفول پروف سکیورٹی کی فراہمی اسلام آباد انتظامیہ اور چیف کمشنر کی ذمہ داری ہے لیکن ڈپٹی کمشنر آفس اسپیشل برانچ اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے تیار نہیں ہیں، چیف کمشنر انتظامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے اسلام آباد انتظامیہ کے انتظامات نہ کرنے سے کچہری احاطہ میں سکیورٹی صورتحال خطرناک ہے، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آئی جی اسلام آباد کو کچہری کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی جائے۔
سیشن جج کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2014 کے دہشتگرد حملے کے بعد ضلع کچہری میں رینجرز تعینات کی گئی تھی، سیشن ججز کو بغیر بتائے رینجرز واپس لے لی گئی۔