ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر زوئی وئیر (Zoe Ware) نے ملاقات کی ہے۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اہم ملاقات پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوئی۔ قائم مقام ہائی کمشنر نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں دہشت گرد حملے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سے یکجہتی کرتے ہیں۔
مریم نواز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پشاور واقعہ بڑا سانحہ ہے، ہر دل مغموم ہے۔ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے، مشترکہ کوششوں سے ہی خاتمہ ممکن ہوگا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم جانی و معاشی نقصانات اٹھائے ہیں۔ جمہوریت کا تسلسل اور وقت پر انتخابات اہم ہیں جس سے درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ ممکن ہے۔ دنیا کو پاکستان اور اس کے عوام کی اس مشکل صورتحال میں مدد کرنا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ 3 کروڑ 30 لاکھ لوگوں کی بھرپور مدد کی۔ مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو 100 ارب روپے سے زائد مالی امداد فراہم کی۔ مریم نواز نے برطانیہ اور اس کے ادارے ڈیفیڈ کی جانب سیلاب متاثرین کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ قائم مقام ہائی کمشنر نے پارٹی کے سینئر نائب صدر کے عہدے پر تقرری پر مریم نواز کو مبارک بھی دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے قائم مقام ہائی کمشنر کی آمد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔