ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو شاباش دی ہے۔ وزیراعظم نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کو مار بھگانے والے پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پولیس دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے میں ہمارا قابل فخر ہراول دستہ ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم اور ادارے متحد اور ایک آواز ہیں۔
اپنے بیان میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے خاتمے میں پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے کردار اور جذبہ پہ پوری قوم کو فخر ہے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کو مزید مضبوط اور جدید ہتھیاروں سے لیس کریں گے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کےلئے اپنی بہادر فورسز کے ساتھ ہیں۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے بھی تھانہ مکڑوال کے ایس ایچ او کو فون کیا ہے۔ محسن نقوی نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ایس ایچ او اور تھانے کے دیگر عملے کو شاباش دی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آپ نے جس بہادری سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا وہ قابل تحسین ہے۔ آپ جیسے بہادر پولیس افسر پنجاب پولیس کی آن بان اور شان ہیں۔ آپ اور دیگر عملے نے پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت ایس ایچ او اور دیگر عملے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔
دوسری جانب لاہور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ایس ایچ او مکڑوال اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کو پندرہ لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیان میں آئی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کی دلیری کے باعث دہشت گردوں کو راہ فرار اختیار کرنا پڑی۔ آئی جی پنجاب نے میانوالی بارڈر پر واقع تمام بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر نفری بڑھانے کا حکم دیدیا ہے۔ انہوں اپنے بیان میں کہا ہے کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر سنائپرز، جدید اسلحے سے لیس ٹیموں کے علاوہ ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹوں پر حفاظتی اقدامات بہتر بنانے کیلئے ڈی پی او میانوالی کو مزید فنڈز اور وسائل کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پر دہشت گردوں سے لڑنے والے جانباز ہمارے ہیرو ہیں جنہیں وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
اس کے علاوہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میانوالی حملے کے پیش نظر 4 رکنی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ چار رکنی کمیٹی میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، سپیشل برانچ ، آپریشنز اور ڈی آئی جی آئی ٹی شامل ہیں۔ مذکورہ کمیٹی آر پی او سرگودھا کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے تعاقب کےلیے سرچ اور کومبنگ آپریشنز پلان کرے گی۔
آئی جی پنجاب نے میانوالی بالخصوص تھانہ مکڑوال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی کی ہدایت کی ہے۔
آئی پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور ایجنسیوں کے ساتھ مل کر میانوالی میں بھرپور سرچ آپریشن کئے جائیں۔ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو زیرو ٹالرنس کے تحت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔