چیچہ وطنی : کرایہ نا دے پانے پر شہری نے خود کو آگ لگا لی

 چیچہ وطنی : کرایہ نا دے پانے پر شہری نے خود کو آگ لگا لی

ایک نیوز : چیچہ وطنی میں چار بچوں کے باپ نے حالات سے دلبرداشتہ ہوکر خود پر  پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی جس سے شہری کا جسم بری طرح جھلس گیا۔

رپورٹ کے مطابق چیچہ وطنی تھانہ سٹی کے علاقے 39 چونگی پر بے روزگاری اور حالات سے دلبرداشتہ ہو کر دو بیٹے اور دو بیٹیوں کے باپ نے پیٹرول چھڑک کر خود آگ لگا لی۔  ریاض نامی شہری مکان کا کرایہ نا دینے پر خودکشی کرنے پر مجبور ہوگیا اور خود کو آگ لگا لی۔ 

ریاض نامی شہری ہوٹل پر محنت مزدوری کرتا تھا۔ شہری کو  تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت غیر بتائی جارہی ہے اطلاع ملنے پر سٹی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

واضع رہے کہ رائیونڈ میں مہنگائی سے تنگ آکر باپ نے بچوں سمیت زہر کی گولیاں کھا لی تھی۔  کرامت علی نامی شخص نے مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آکر اپنے بچوں زینب عمر15 سال ،  روما عمر 11 سال  ریشمین عروج عمر 8 سال کو گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں پہلے  بچوں کو کھلائی پھر خود کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی۔رحیم یارخان میں بھی مہنگائی سے تنگ آکر باپ بیٹی سمیت نہر میں کود گیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک نامعلوم شخص کلمہ کا ورد کرتا ہوا حکومت کو بددعائیں دے رہا تھا کہ اتنی ہی دیر میں د ڑی سانگی کے قریب موجود نہر میں چھلانگ لگادی تھی۔

کراچی فیڈرل بی ایریا میں بھی 6 بچوں کے باپ نے بیروزگاری اور معاشی تنگدستی سے تنگ آکر خودکشی کرلی تھی۔پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں رہائشی عمارت کے ایک فلیٹ میں فہیم احمد نامی شخص نےگلے میں پھندا لگاکر خودکشی کرلی تھی۔ متوفی 6 بچوں کا باپ تھا جس میں 5بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں جبکہ فہیم 2 سال قبل اخبار میں کام کرتا تھا ۔ وہاں سے نکالے جانے کے بعد سے بیروزگار تھا اور گزارے کے لیے رکشہ چلارہا تھا لیکن اسکے باوجود مالی حالات خراب تھے۔ فہیم نے اپنی بیوی کو نیند کی گولیاں دیں جبکہ بچے واقعے کے وقت ٹیوشن میں تھے۔متوفی فہیم کے بہنوئی عمیر نے فون پر بتایاہے کہ فہیم نے 3 مہینے سے فلیٹ کا کرایہ بھی نہیں دیا تھا جبکہ وہ بینک کا ایک لاکھ روپے کا مقروض بھی تھا جس کی قسطیں نہ ادا کر سکنے کے باعث پریشان رہتا تھا۔