ویب ڈیسک :انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کو جیتنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے آل راؤنڈر مچل مارش کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ورلڈ کپ ٹرافی پر پاؤں رکھے نظر آئے جس کے بعد ایک نئے تنازعے نے جنم لیا تھا۔
اس تصویر میں مچل مارش کو ٹرافی پر پاؤں رکھے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کے بعد انڈیا میں سابق کھلاڑیوں اور شائقین سمیت باقی عوام کی جانب سے شدید تنقید دیکھنے میں آئی تھی کہ مچل مارش کے اس عمل سے انڈین عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
آل راؤنڈر پر ورلڈ کپ کی ٹرافی کی بے عزتی کرنے اور اُس کی پامالی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس تنازعے کے دو ہفتوں بعد بالآخر مچل مارش کی جانب سے بھی بیان سامنے آگیا ہے۔
آسٹریلیا کے نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے مچل مارش نے بتایا کہ اُن کے اس عمل کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔مچل مارش کہتے ہیں کہ ’اس فوٹو کا ہرگز مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ میں نے اُس کے بارے میں زیادہ سوچا بھی نہیں ہے۔ میں نے سوشل میڈیا اتنا زیادہ نہیں دیکھا لیکن سب مجھے بتا رہے ہیں وہ فوٹو وائرل ہو چکی ہے۔
مچل مارش سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ دوبارہ کبھی ایسے کریں گے؟ تو اس کے جواب میں وہ کہتے ہیں کہ ’سچ بتاؤں تو، ہاں میں شاید ایسے دوبارہ کروں گا۔