ایک نیوز: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔
سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے جن میں 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز ان کا پہلا اسائنمنٹ ہو گی، یہ تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں اسکلز کیمپ میں اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔
کامران اکمل نے 53 ٹیسٹ، 157 ون ڈے انٹرنیشنل اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 6871 رنز بنائے ہیں اور وکٹوں کے پیچھے 453 کیچز و اسٹمپڈ کیے ہیں، وہ 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔
راؤ افتخار انجم بھی 2009 کا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے، وہ ایک ٹیسٹ 62 ون ڈے اور2 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں اور 78 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
سابق کپتان سلمان بٹ نے 33 ٹیسٹ 78ون ڈے انٹرنیشنل اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور تینوں فارمیٹس میں 11 سنچریوں کی مدد سے 5209 رنز اسکور کیے ہیں، وہ بھی کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم کی طرح 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔