رشوت لینےکامقدمہ،حکومتی درخواست پر پرویز الٰہی،محمد خان بھٹی کو نوٹس جاری

Dec 01, 2023 | 14:59 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی پر کروڑوں روپے رشوت لینے کے مقدمہ کا معاملہ، لاہورہائیکورٹ نے حکومتی درخواست پر چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

 تفصیلات کے مطابق  لاہور ہائیکورٹ میں  سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الٰہی اور سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف درخواست پر سماعت جسٹس شہرام سرور چوہدری نےکی ۔

عدالت نے حکومتی درخواست پر چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کو نوٹس جاری کر تے ہوئے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

پنجاب حکومت نے چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔

حکومتی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر لاہور نے 26 جنوری 2023 کو محمد خان بھٹی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ،چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا،جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں ملزمان کا ریمانڈ دینے سے انکار کردیا،چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سے انٹی کرپشن حکام نے تفتیش کرنا ہے،دونوں ملزمان نے ماتحت عدالت میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

موقف میں مزید کہا گیا ہے کہ ضمانت منظور ہونے سے کیس کی تفتیش متاثر ہوگی،عدالت ماتحت عدالت کو ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی روکنے کا حکم دے،عدالت جوڈیشل مجسٹریٹ کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

مزیدخبریں