ویب ڈیسک : بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی میں افغانستان کا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا گیا۔
حیدرآباد میں افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل سید محمد ابراہیم خیل نے کہا کہ انہوں نے اور ممبئی میں افغان قونصل جنرل ذکیہ وردک نے نئی دہلی میں افغانستان کے سفارت خانے کی قونصلیٹ کی خدمات کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
یادرہے ایک ہفتہ قبل نئی دہلی میں افغانستان کا سفارت خانہ مکمل بند کر دیا گیا تھا اور افغان سفارت خانہ کو تالے لگا دیئے گئے تھے۔ جبکہ سفیر اور سینئر عملہ سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لیے یورپ اور امریکا روانہ ہوگئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق سبکدوش ہونے والے سفیر نے جمعہ کو ایک بیان میں سفارت خانہ بند ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو سال قبل طالبان کی جانب سے بے دخل کیے گئے افغان حکومت کے سفارت کار بھارتی حکومت سے ویزا میں توسیع حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
واضح رہے بھارت طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا ہے، افغان طالبان حکومت نے 2021 میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد سفیر فرید ماموندزے اور مشن کے عملے کو وہاں رہنے، ویزے جاری کرنے اور تجارتی معاملات کو سنبھالنے کی اجازت دی تھی۔