ایک نیوز: پنجاب میں انسداد اسموگ کے لیے ہفتے کے روز اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،مارکیٹیں، بازار اور کاروباری ادارے کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، 18 دسمبر سے اسکولوں سمیت پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس ہوا، جس میں اسموگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، بلال افضل، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ماہرین ماحولیات اور صحت نے اسموگ میں کمی اور اس کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے تجاویز پیش کیں،اجلا س میں ماہرین ماحولیات اور صحت کی سفارشات کی روشنی میں بعض اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے کل بروز ہفتہ بند رہیں گے، مارکیٹیں، بازار اور کاروباری ادارے کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
’ریسٹورنٹس اور دیگر بزنس ہاؤسز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جبکہ 18دسمبر سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔‘
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انتظامیہ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور پنجاب ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھا جائے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم د یتے ہوئے کہا کہ ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی بِلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسموگ میں کمی کے لیے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدامات کر رہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔