آٹھویں کا طالب علم بن گیا کروڑ پتی

manek
کیپشن: manek
سورس: google

 ویب ڈیسک : انڈیا کے مشہور ترین گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں ایک 14 سالہ لڑکے نے ایک کروڑ روپے جیت کر ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق آٹھویں جماعت کے طالبِ علم ماینک گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں ایک کروڑ روپے جیتنے والے سب سے کم عمر ترین شخص بن گئے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں سال امیتابھ بچن کی میزبانی میں اس گیم شو کا 15 واں ایڈیشن ٹیلی ویژن پر نشر کیا جا رہا ہے۔

اینک کا تعلق انڈیا کی ریاست ہریانہ سے ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پروگرام کے ایک ٹریلر میں وہ امیتابھ بچن کو بتا رہے ہیں کہ ’صرف ایک چیز جس سے آپ کسی بھی جگہ فرق پیدا کرسکتے ہیں وہ آپ کا علم ہے۔‘

شو کے دوران امیتابھ بچن کے ایک سوال کے جواب میں ماینک کے والد کا کہنا تھا کہ ’اس کے سکول اُستاد بھی کہتے ہیں کہ یہ لڑکا ہمیشہ ہم سے بھی دو قدم آگے رہتا ہے۔‘

پروگرام کے دوران 14 برس کے اس لڑکے نے 15 سوالوں کے درست جوابات دیے اور ایک کروڑ روپے جیتے۔ اس کے بعد جب امیتابھ بچن نے اُن سے 7.5 کروڑ روپے کے لیے 16 واں سوال پوچھا تو ماینک نے معذرت کرلی اور ایک کروڑ روپے پر کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

ماینک نے پروگرام کے اختتام پر کہا کہ وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کیونکہ انہیں ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں اپنی معلومات اور علم کو دکھانے کا موقع ملا۔

’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کا شمار انڈیا کے مقبول ترین پروگراموں میں ہوتا ہے جو سنہ 2000 سے اب تک جاری ہے۔