اے این ایف کی کارروائیاں،142کلوگرام منشیات برآمد،16ملزمان گرفتار

اے این ایف کی کارروائیاں،142کلوگرام منشیات برآمد،16ملزمان گرفتار
کیپشن: اے این ایف کی کارروائیاں،142کلوگرام منشیات برآمد،16ملزمان گرفتار

ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، 13 کارروائیوں کے دوران 142 کلو گرام منشیات برآمد جبکہ 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کے سامان سے 474 گرام آئس برآمد ہوئی، پشاور کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر PA-270 کے ذریعے جدہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرواز نمبر QR-0621 سے قطر جانے والا مسافر گرفتار کرلیا گیا، سرگودھا کے رہائشی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 940 گرام آئس برآمد ہوئی،علامہ اقبال ایئرپورٹ پر دوسری کاروائی میں مسافر کے ٹرالی بیگ سے 950 گرام آئس برآمد ہوئی۔ قصور کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-765 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔

اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ فیصل آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کے جوتوں میں چھپائی گئی 842 گرام ہیروئن برآمدکرلی گئی، مظفر گڑھ کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر FZ-392 کے ذریعے سعودی عرب کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔ ریلوے اسٹیشن لاہور کے قریب واقع کارگو سروسز آفس میں دورانِ کارروائی 3 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا کے لئے بُک کئے گئے پارسل سے 5 کلو آئس برآمد ہوئی۔ فیض آباد، اسلام آباد پر ایبٹ آباد کے رہائشی ملزم کے سامان میں چھپائی گئی 3 کلو آئس برآمد کی گئی۔

 اے این ایف حکام کا مزید کہنا ہے کہ 26 نمبر چونگی اسلام آباد کے قریب ملزم سے 1 کلو کوکین برآمد ہوئی، چونگی امر سادھو لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 100 عدد نشہ آور (ایکسٹیسی)گولیاں برآمد کی گئی جبکہ سدھاربائی پاس فیصل آباد کے قریب ٹرک سے 97 کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی اور 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ستیانہ روڈ فیصل آباد کے قریب گاڑی سے 6 کلو ہیروئن اور 1 کلو آئس برآمد ہوئی جبکہ 2  ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔ گوجرانولہ کے محلہ بختے والا میں گھر پر چھاپے کے دوران 13 کلو 200 گرام افیون اور 6 کلو چرس برآمد ہوئی اور2 ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔ کامل پور انٹرچینج، سرگودھا کے قریب گاڑی سے 3 کلو ہیروئن برآمد ہوئی اور 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ  گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔