ایک نیوز نیوز: شادی کی تقریبات میں دلہے میاں کی جانب سے اکثر اوقات اپنی نئی نویلی دلہن کے لیےمحبت کا اظہار کرتے دیکھا جاتا ہے لیکن بھارت میں ایک دلہے کو محبت کا یہ اظہار مہنگا پڑگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں شادی میں ہندو رسم و رواج کے مطابق دلہا دلہن کی جانب سے ایک دوسرے کو پھولوں کا ہار پہنانے کی رسم جاری تھی، اس دوران دلہے نے اسٹیج پر سب کے سامنے دلہن کو بوسہ دیدیا جو دلہن کو بالکل پسند نہیں آیا اور لڑکی نے شادی ختم کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پولیس بھی بلالی۔
پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان صلح کروانے کی کوشش کی لیکن لڑکی نہ مانی، بعد ازاں پولیس دونوں خاندانوں کو تھانے لے گئی جہاں تفصیلات بتاتے ہوئے دلہن کا کہنا تھا کہ دلہے نے انہیں اسٹیج پر غیر مناسب طریقے سے چھوا، جس کے بعد سب کے سامنے بوسہ دیا جو مجھے نامناسب لگا۔
دلہن نے مزید کہا کہ دلہے نے سب کے سامنے میری عزت نفس کی پروا کیے بغیر ایسا برتاؤ کیا وہ مستقبل میں کیسا کرے گا؟۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے دونوں خاندانوں کو سوچنے کا وقت دیدیا ہے۔