راولپنڈی کے گرلز ڈگری کالج ایف بلاک میں نئے ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا رونا شروع ہو جاتا تھا ، اب بھی دھاندلی کا رونا ہوگا ، یہ انتخابات سے پہلے بھی ہو سکتا ہے ، عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ، میرے مطالعہ کے مطابق پنجاب کے 40 جبکہ ملک بھر کے تقریبا 80 ایسے حلقے ہیں جہاں اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ انتخابی نتائج بدل کر رکھ دے گا، اور جب وہ لوگ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو ووٹ دینگے تو یہ پھر کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے ۔
شیخ رشید نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی بنا کسی شرط کے آئی ایم ایف سے زیادہ پیسے ملک میں بھجواتے ہیں انہیں ووٹ کا حق حاصل ہونا چاہئے اور یہ انہیں عمران خان نے دیا ہے ، تمام تبلیغی جماعتوں کے آن لائن ویزوں میں بھی توسیع کر دی گئی ہے ،وزیر داخلہ نے کہا کہ راولپنڈی میں بچیاں آرام سے تعلیم حاصل کر سکتی ہیں ، ہم نے اپنے علاقے میں کسی کو بدمعاش بننے دیا نہ کسی بدمعاش کو معزز بننے دیا ، یہاں صرف دو تین جوئے کے اڈے ہیں وہ بھی جلد ختم ہو جائیں گے ، بیٹیاں آرام سے تعلیم حاصل کریں انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی ، جس گھر کی بیٹی پڑھی لکھی ہو وہ جانتا ہے کہ اس کی کیا ذمہ داریاں ہیں ، ماضی میں لڑکیوں کے کالج کی مخالفت کرنے والوں کی بیٹیاں یہاں ہی زیر تعلیم ہیں ۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ نئے سال کے آغاز میں چند کالجز میں کلاسز صبح اور شام کے اوقات میں شروع کریں گے ، صرف ایک آئی ٹی یونیورسٹی بننا باقی رہ گئی ہے اس پر بات جاری ہے ، بات کہنی نہیں چاہئے لیکن لڑکے زیادہ نہیں پڑھ رہے ، لڑکیوں نےبہت زیادہ نمبرلئے ہیں ،میں نے تو زندگی میں کبھی 60 نمبر نہیں لئے ۔شیخ رشید مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ہے اس میں کوئی شک نہیں اس کا حل تلاش کرنا ہے ، تنخواہ دار طبقے کیلئے زیادہ مشکلات ہیں ۔ سعودی عرب نے قرض دیا ہے جس پر ان کے مشکور ہیں ، سعودی قرض سے پاکستان کی اکانومی میں بہتری آئے گی ، پاکستان کیلئے چین بھی ایک عظیم دوست ہے ۔ چین کو الگ رکھ کر کسی فیصلے پر نہیں جا سکتے ، چاہے اس کے نتائج کچھ ہی کیوں نہ نکلیں ۔