توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے سودمند حل تلاش کرنا ہوگا، صدر مملکت 

Aug 01, 2024 | 19:58 PM

ایک نیوز:صدر مملکت آصف علی زراداری نے کہا ہے توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے سودمند حل تلاش کرنا ہوگا۔ 

تفصیلات کے مطابق  صدرمملکت   آصف علی زرداری سے ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد  نے ملاقات کی ،جس میں تاجروں اور 40 علاقائی کاروباری تنظیموں کے عہدیداروں  نے شرکت  کی۔  

اس موقع  پر صدرمملکت  نے کہا توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے سودمند حل تلاش کرنا ہوگا، کیپسٹی چارجز کے مسئلے کا قابلِ عمل حل تیار کرنے کیلئے کاروباری برادری ایک کمیٹی تشکیل دے ، کمیٹی شعبہ ِ توانائی کے مسائل کے حل کیلئے صدر مملکت کے دفتر کے ساتھ مل کر کام کرے ، صدر مملکت کا دفتر کاروباری برادری کی کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا ۔

آصف علی زرداری  کا کہنا تھا حکومت، عوام، تاجر برادری ، پیداواری کمپنیوں سمیت سب کیلئے سودمند حل تلاش کیا جانا چاہیے ، متفقہ حل تیار کیا جائے تاکہ کسی اسٹیک ہولڈرز کو نقصان نہ ہو، پاکستان کے کاروباری اداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوں، ادراک ہے کہ مہنگے خام مال ، توانائی اور ایندھن کی وجہ سے کاروباری شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ 

 گوہر اعجاز   کا کہنا تھا  توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے عوام، صنعتوں ، زراعت اور برآمدات کے شعبے پر بوجھ پڑ رہا ہے ، توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے توانائی شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے ، انہوں نے صدر مملکت سے درخواست کی کہ توانائی کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت  اور پاکستان کی صنعتوں اور کاروباری اداروں کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں ۔  

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفد کو مسائل کے حل ، متعلقہ حلقوں کے سامنے معاملہ اٹھانے میں تعاون  کی یقین دہانی کرائی۔   

مزیدخبریں