ایک نیوز:اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نےاڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ،بانی پی ٹی آئی نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر افسوس کیا ۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مغربی ممالک کو پیغام دیا ہے کہ مغربی ممالک کو نظر نہیں آرہاغزہ میں قتل عام ہورہا ہے ،ایران میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت کی پرزور مذمت کرتے ہیں ،اسرائیل آج ہر قدم غلط اٹھاتا ہے اور اس کو روکنے والا کوئی نہیں، سب ممالک مل کر فلسطین میں امن قائم کریں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ5اگست صوابی شام4بجے بڑا جلسہ ہوگا ،بانی پی ٹی آئی کی خاطر آپ نے ثابت کرنا ہےکہ مقبول ترین پارٹی ہے ،وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی میزبانی میں جلسہ کریں گے، واضح طور پر ملک کی مقبول ترین پارٹی ہے ، فوج اور عوام کے درمیان خلیج ن لیگ والے بڑھا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نےمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئندہ دنوں میں ہم گرینڈ الائنس بنائیں گے، خیبر پختونخواہ، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو اس الائنس میں شامل کریں گے، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی اور ورکرز کے لیے ہم نے آواز اٹھائی ہے، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ کے لوگوں کو کہتے ہیں کہ آئیں جلسے میں شامل ہوں ہم چاہتے ہیں ملک آئین اور قانون کے مطابق چلے، جماعت اسلامی کا مہنگائی کے خلاف جاری ہے،دھرنے اور مطالبات کو سپورٹ کریں گے ، حکومت نے مہنگائی کر کے غریب کی کمر کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔