ایک نیوز: نائن الیون حملوں کے مرکزی ملزم اور منصوبہ ساز خالد شیخ محمد سمیت3ملزمان اعتراف جرم پر آمادہ ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان نے امریکی فوج سے سمجھوتہ کرلیا ہے، سمجھوتے کے تحت تینوں ملزمان کو سزائے موت نہیں دی جائے گی۔
امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ11ستمبر حملوں کے ماسٹر مائنڈ ملزم خالد شیخ محمد اور اس کے دو ساتھیوں نے اعتراف جرم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، خالد شیخ محمد اور ان کے دو ساتھی ولید بن عطاش اور مصطفیٰ الہوساوی آئندہ ہفتے گوانتانامو بے میں ملٹری کمیشن کے سامنے اعتراف جرم کریں گے۔
وکلا صفائی نے درخواست کی ہے کہ ان افراد کو اعتراف جرم کے بدلے میں عمر قید کی سزا دی جائے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع کے حکام نے پلی بارگین کی مکمل شرائط جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، القاعدہ کی جانب سے گیارہ ستمبر2001کو کیے جانے والے حملوں سے متعلق مقدمہ چلنے کے 16 سال بعد امریکی حکومت نے ان افراد کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جبکہ اس واقعے کو تقریباً 24 سال کا عرصہ گزر گیا ہے جب عسکریت پسندوں نے چار کمرشل ایئر لائنز کے جہاز استعمال کرتے ہوئے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور پینٹاگون کی عمارت سے ٹکرا دیے تھے۔
خالد شیخ محمد کو یکم مارچ 2003 کو پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا، خالد شیخ محمد اور کئی دیگر ملزمان پر 11/9 میں ملوث ہونے کے ابتدائی الزامات 2008 میں عائد کیے گئے تھے۔