لاہور:موسلادھار بارش،44سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 150سے زائد فیڈر ٹرپ

Aug 01, 2024 | 09:24 AM

ایک نیوز: لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سےموسم خوشگوار ہو گیا، کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، بارش سے کئی فیڈر ٹرپ کر گئے ۔
وسن پورہ سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش جاری ہے، ایم ڈی واسا غفران احمد لمحہ بہ لمحہ بارشی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں،مون سون کنٹرول روم مکمل فعال ہے ،شہر بھر میں جاری بارش کے ساتھ ہی نکاسی آب آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
 تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو فل کپیسٹی پر چلانے کی ہدایات ہیں،ایم ڈی واسا بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل سٹیشنز کو جنریٹرز پر چلانے کی ہدایات ہیں ۔    
گلبرگ ،لیاقت آباد،مغلپورہ،گارڈن ٹاون،لکشمی چوک، نابھہ ،جی پی او چوک کے اطراف میں بارش ہوئی، اس کے علاوہ گجر پورہ،جوہر ٹاون، شادی پورہ، ڈھولنوال کے اطراف بھی بارش جاری، ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام مون سون کیمپس پر سٹاف کو مستعد رہنے کی ہدایات کیں ،شہر کے تمام انڈر پاسز اور شاہراہوں کو کلیئر رکھنے کی ہدایات جاری ہیں۔
شہر میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ،شہر میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، شہر کی اہم شاہراہیں ، گلی محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے ،اب تک سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک 153 ملی میٹر ریکارڈ جیل روڈ 114 ، ائیرپورٹ 144 ، گلبرگ 128 ملی میٹر بارش ریکارڈ اپر مال 104 ، مغلپورہ 92 ، تاجپورہ 102 ، نشتر ٹاون 124 ملی میٹر بارش ریکارڈ چوک ناخدا 94 ، پانی والا تالاب 131 ، فرخ آباد 122 ملی میٹر بارش ریکارڈ گلشن راوی 135 ، اقبال ٹاون 102 ، سمن آباد 103 ، جوہر ٹاون 86 ، قرطبہ چوک 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
لاہور میں ہونے والی موسلادھار بارش سے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے ، لیسکو ریجن میں بارش سے 150 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ، فیڈر ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی کا سلسلہ بھی منقطع ہو گیا،شالامار کالونی، دھرم پورہ، جلو، بادامی باغ، شادباغ کے علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی، ہربنس پورہ، مغل پورہ، تاجپورہ، سمن آباد، وحدت روڈ کے علاقوں میں بھی بجلی بند ہے۔

  ریکارڈ توڑنے والی بارش ایک اور نوجوان کی جان لے گئی ، جنوبی چھاؤنی نشاط کالونی میں ایک نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا،کرنٹ لگنے سے جاں بحق 30سالہ نوجوان کی شناخت کرنے کی کوشش جاری  ہے۔
  لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی بند ہونے سے دفاتر کو جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، بارش تھمنے پر بجلی بحالی کا سلسلہ شروع ہوگا،شہری دوران بارش بجلی اور اس کی تنصیبات سے دور رہیں۔
لاہور میں 44 سالہ بارشوں کا ریکارڈ ایک بار پھر ٹوٹ گیا، گزشتہ دنوں ہونے والی بارش 315 ملی میٹر تاجپورہ میں ریکارڈ کی گئی تھی ،آج ہونے والے موسلا دھار نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، ائیرپورٹ پر 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کر لی گئی ہے۔
 اس مون سون سیزن کی یہ دوسری بڑی بارش ہے جس میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے ، بارش کا سلسلہ ابھی جاری ہے ۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سپیل کی انٹری ہوگئی،کشمیر شمال مشرقی پنجاب خطہ پوٹھوہار اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے،سوات دیر ایبٹ آباد ہری پور باجوڑ مردان نوشہرہ میں بارش متوقع ،کوہاٹ کرم کرک لکی مروت صوابی بونیر بنوں اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ،مری گلیات راولپنڈی اٹک جہلم چکوال سیالکوٹ نارووال اور گجرات میں بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب گجومتہ کاہنہ میں ایک گھر کی چھت گر گئی ، گجومتہ بابا بلے شاہ انٹر چینج گاوں کے ایک گھر میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ5شدید زخمی ہوگئے۔
 ریسکیو ایمرجنسی کے مطابق گاڑیوں نےجائے حادثہ پر زخمیوں کو ملبے سے نکالا ،ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ رات سے صبح  تک ہونے والی بارش کے اعدادوشمار جاری کر دیے, گزشتہ  رات سے سب سے زیادہ بارش گلشن معمار میں 11.5 ملی میٹر ریکارڈ  کی گئی ہے.

شاہراہ فیصل 11، نارتھ کراچی 10 جبکہ کورنگی میں 8.8 ملی میٹر بارش ہوئی اولڈ ائیرپورٹ 6، جناح ٹرمینل 5.8، اوع ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، کیماڑی 4.5، سرجانی ٹاون 2.5 ، پی اے ایف مسرور بیس میں 1.5 ملی میٹر بارش ہوئی ، کراچی میں گزشتہ رات سے صبح تک مجموعی طور پر 6 ملی میٹر بارش ہوئی۔

مزیدخبریں