ایک نیوز :ایشز سیریز ختم ہوتے ہی انگلینڈ کے شاندار آل راؤنڈر معین علی نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق 68 ٹیسٹ میچوں میں 204 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 3ہزار سے زائد رنز بنانے والے معین علی نے ایشز سیریز کے اختتام کیساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔
معین علی نے ستمبر 2021 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا لیکن ایشز کے لیے جیک لیچ کے انجری کے سبب سیریز سے باہر ہونے کے بعد بین اسٹوکس نے معین علی کو میسج کر کے ایشز سیریز کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی درخواست کی۔اس پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے معین علی نے ازراہ مذاق کہا کہ اگر اسٹوکس نے مجھے دوبارہ میسج کیا تو میں اسے ڈیلیٹ کردوں گا، میری بس ہو چکی، میں بہت لطف اندوز ہوا اور اس انداز سے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام بہترین ہے۔
اس سے قبل انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔اسٹورٹ براڈ نے کہا کہ جب آپ پہلے سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرتے ہیں تو آپ سوچتے ہیں کہ آپ کی کیریئر کی آخری گیند کیسی ہو گی لہٰذا اپنے کیریئر کی آخری گیند پر وکٹ لے کر ایشز ٹیسٹ جیتنا بہت عمدہ رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرس ووکس اور معین علی نے جس طرح سے میچ کا نقشہ بدلا وہ ناقابل یقین ہے، خاص طور پر ووکس کا اسمتھ سمیت دو وکٹیں لینا میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا اور یہ وکٹیں لینے کے بعد ہمیں لگنے لگا تھا کہ ہم یہ میچ جیت سکتے ہیں۔