ایک نیوز:ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کو پیش کرنے کے لیے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں اور نئی ڈیوائسز میں بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے 2012 سے لائٹننگ چارجر کو آئی فونز کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے لیکن آئی فون 15 سیریز میں یو ایس بی سی چارجنگ سپورٹ دی جائے گی۔یو ایس بی ٹائپ سی چارجر کا استعمال زیادہ تر ڈیوائسز کیلئے کیا جا رہا ہے تو آئی فونز میں نئی تبدیلی کا مطلب یہ ہے کہ اب ایک چارجر ہی تمام ڈیوائسز کے لیے کافی ہوگا۔ صارفین کی جانب سے آئی فونز کے لیے یو ایس بی سی چارجنگ سپورٹ کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے 2022 میں ایک قانون کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت یورپ میں تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجنگ پورٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا۔ دسمبر کے آغاز میں یورپی یونین نے اعلان کیا تھا کہ اس تبدیلی کو اپنانے کے لیے 28 دسمبر 2024 تک مہلت دی گئی ہے۔ جس کے بعد ایپل کے عہدیداران نے تصدیق کی تھی کہ کمپنی کی جانب سے یورپی قوانین پر عمل کیا جائے گا اور نئے فونز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کا استعمال ہوگا۔آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس میں اسٹین لیس اسٹیل کی بجائے ٹائیٹینیم ایجز کا استعمال کیا جائے گا، جس سے ان کا وزن کچھ کم ہو جائے گا۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 15 پرو ماڈلز کی قیمتوں میں اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔2019 سے کمپنی کی جانب سے پرو ماڈل کو 999 ڈالرز جبکہ پرو میکس ماڈل کو 1099 ڈالرز میں فروخت کیا جا رہا ہے لیکن اب اس قیمت کو بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس (یا آئی فون 15 الٹرا) کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔اس سال آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کے ڈسپلے میں آئی لینڈ ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔
2022 میں آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں آئی لینڈ ڈیزائن فرنٹ کیمرے کیلئے استعمال کیا گیا تھا جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں نوچ ڈیزائن موجود تھا۔آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔