پاک فوج کےلسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثےکو ایک سال مکمل

کیپشن: پاک فوج کےلسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثےکو ایک سال مکمل

ایک نیوز: پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے لسبیلہ حادثے کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے، تاہم شہداء کی پہلی برسی آج منائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تاریخ، پاک فوج کی عوام کے لیے کی جانے والی بے لوث خدمات سے بھری پڑی ہے، جنگ ہو یا ناگہانی آفت، عوام کو پاک فوج نے کبھی نہ مایوس کیا نہ تنہا چھوڑا۔ عوامی خدمت کی ایسی ہی بےلوث مثال پچھلے سال ملک میں سیلابی صورتحال کے دوران دیکھی گئی۔

یکم اگست 2022 کو لسبیلہ کے مقام پر پاک فوج کی جانب سے مشکل میں پھنسے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا تاہم ریسکیو مشن کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کر رہے تھے۔

موسم کی خرابی کے پیش نظر ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، اس المناک حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ اور نائیک مدثر فیاض شہید ہوگئے۔

بریگیڈیر امجد حنیف حال ہی میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پا چکے تھے۔ اس دردناک حادثے نے ہر آنکھ اشک بار کر دی جبکہ ملک کی فضا کئی دن تک سوگوار رہی۔

کور کمانڈر لیفیننٹ جنرل سرفراز علی شہید انتہائی پروفیشل آفیسر تھے اور پاک فوج میں اہم ترین عہدوں پر تعینات رہے، نومبر 2020 میں انہیں تھری اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی جبکہ دسمبر 2020 میں انہیں کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کیا گیا۔

پاک فوج ملک و قوم کی ہر مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد کے لئے ہر دم تیار رہی ہے اور رہے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔