ایک نیوز:قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی ورچوئل اجلاس بلایا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کا18 واں اجلاس سعودی عرب اور عراق کی درخواست پر بلایا گیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اجلاس میں قرآن پاک کی بےحرمتی کےواقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ بلاول بھٹو نے مذہبی منافرت اور اشتعال انگیزی کی کارروائیوں کی بھرپور مذمت کی۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے ایسےواقعات کی روک تھام کیلئے او آئی سی، اقوام متحدہ سے مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب سکیورٹی خدشات بڑھنے پر سویڈن اور ڈنمارک نے مذہبی کتابوں کی بے حرمتی کے واقعات روکنے پر غور شروع کر دیا۔
ڈنمارک کے وزیرخارجہ نے بلاول بھٹوکو ٹیلی فون کیا۔جس میں بلاول نے ڈنمارک اور دیگر یورپی ملکوں میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات پر گہرے تحفظات ظاہر کیے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے ایسے اسلامو فوبیا پر مبنی واقعات کو بند کرنے پر زور دیا۔
دوسری جانب سویڈش وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کے تمام 57 ملکوں کو خطوط بھیجے ہیں ،خطوط میں اسلامو فوبک کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سویڈن اور ڈنمارک میں پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات رونما ہوئے، اسلام مخالف انتہا پسندوں نے سویڈن میں پارلیمنٹ کے باہر اور ڈنمارک میں سعودی سفارت خانے کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔