ایک نیوز:کینیڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون ٹک ٹاکر بہت زیادہ پانی پینے کا چیلنج قبول کر کے مشکل میں پھنس گئی اور ہسپتال پہنچ گئی۔
تفصیلات کےمطابق ہسپتال میں خاتون ٹک ٹاکر کےلئے جانے والے نمونوں کی رپورٹس سے متعلق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خاتون میں سوڈیم کی شدید کمی ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین ٹک ٹاکر کو وائرل فٹنس چیلنج کے تحت 12 دن تک، ہر24 گھنٹوں کے دوران ایک گیلن پانی (چار لیٹر پانی) پینا تھا، خاتون نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے حقیقت کو پسِ پردہ چھوڑ دیا اور جسم میں پانی کی زیادتی کے سبب ہسپتال پہنچ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاکر خاتون ’75 ہارڈ فٹنس چیلنج‘ پر عمل کر رہی تھی جس کے مطابق انسان کو دن میں4 لیٹر پانی پینے سمیت زندگی سے الکوحل کو صفر کرنا ہوتا ہے، منظم غذا پر عمل، دن میں دو بار 45 منٹ کی ورزش ( ایک بار ورزش گھر میں ایک بار گھر سے باہر)، دن میں10 صفحات کتاب کے اور روزانہ اپنی جسامت کی پیش رفت کی تصویر لینا بھی شامل ہوتا ہے۔
گزشتہ دنوں ٹک ٹاکر خاتون مشیل فیئربرن نے چیلنج سے متعلق ٹِک ٹاک پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی، اُن کا اس ویڈیو میں کہنا تھا کہ اُنہیں لگتا ہے کہ پانی ایک زہر ہے، چند گھنٹوں میں تین سے چار لیٹر سے زیادہ پانی پینے کے بعد پانی زہر جیسا ہو سکتا ہے۔
مشیل فیئربرن نے اپنے چیلنج کے 12ویں دن سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں کہا کہ جب وہ رات سونے کیلئےجا رہی تھیں تو اِنہیں اچھا محسوس نہیں ہو رہا تھا اور وہ باتھ روم جانے کیلئے رات میں کئی بار اُٹھی تھیں، انہوں نے کہا کہ پانی کی زیادتی کے سبب وہ کھا نہیں سکتیں، اُنہیں متلی اور کمزوری محسوس ہو رہی تھی، ساری رات اور صبح انہوں نے بیت الخلا میں گزاری ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ میں ’75 ہارڈ‘ چیلنج پر عمل کر رہی ہوں، اس لیے میں ضرورت سے زیادہ پانی پی رہی ہوں، میں نہیں جانتی کہ اب میں کیا کروں۔
دوسری جانب ٹک ٹاکر خاتون سے متعلق ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کئی ٹیسٹوں کے بعد ڈاکٹر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مشیل فیئربرن میں سوڈیم کی شدید کمی ہو گئی ہے جس کے بعد متاثرہ ٹک ٹاکر کو ایک دن میں آدھے لیٹر سے بھی کم پانی کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے۔
چیلنج 74 ہارڈ کی متاثرہ خاتون ٹک ٹاکر کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے سوڈیم کی کمی، یا ہائپوناٹریمیا جان لیوا ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ فٹنس چیلنج ’ہارڈ 75‘ 2019ء میں ایک پوڈ کاسٹر اور ایک سپلیمنٹ کمپنی کے سی ای او اینڈی فریسیلا کی جانب سے متعارف کروایا گیا تھا۔