پی این این نیوز: بالی وڈ اداکار سلمان خان اور ان کے والد کو قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد اسلحے کے لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انڈین گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کے قتل کے بعد جون کے آغاز میں ہی سلمان خان اور ان کے والد کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے اسلحہ لائسنس کے لیے درخواست دی تھی۔ چند روز قبل سلمان خان لائسنس کی درخواست دینے کے لیے خود ممبئی پولیس ہیڈکوارٹر بھی گئے تھے۔ جہاں سلمان خان نے ممبئی پولیس کے کمشنر سے بھی ملاقات کی تھی۔ جس کے بعد لائسنس جاری کرنے والے ادارے نے ضروری تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ جن کی تکمیل کے بعد لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
واضع رہے کہ 30 مئی کو گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کو قتل کر دیا گیا تھا جس کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔ جس کے بعد سلمان خان کو بھی دھمکیاں ملی تھیں اور بشنوئی گینگ کے ایک رکن نے یہ انکشاف کیا تھا کہ اس کے لیے عملی کام شروع کر دیا گیا تھا۔ وہ کالے ہرن کے شکار کے معاملے پر اداکار کو سبق سکھانا چاہتے تھے۔ سلمان خان کے پاس اس سے پہلے کا بندوق کا لائسنس تھا جسے انہوں نے 1998 میں کالے ہرن کے قتل کیس میں مبینہ طور پر استعمال کیا تھا۔ مبینہ طور پر اس کی میعاد ختم ہو چکی تھی اور اس لیے ان کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ زیر التوا ہے۔