شاہد قیوم: آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے تائی منڈھول میں شدید بارشوں کے باعث کچا مکان گرگیا،3 خواتین اور 7 بچے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بارش کے باعث گرنے والے مکان کے ملبے سے 4 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
رات 11بجے شدید بارش میں مکان کی چھت گرنے سے پوار خاندان ملبے تلے دب گیا۔
پولیس انتظامیہ ،ریسکیو ادارے اور مقامی آبادی کے افراد موقع پر پہنچ کر ریسکیو کے عمل میں حصہ لیا زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ملبے تلے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ شدید بارش کی وجہ سے ریسکیو کے عمل میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔10 جاں بحق افراد میں 7بچے شامل ہیں جن میں ایک بچہ اُس گھر میں جھنگ سے مہمان آیا ہوا تھا وہ بھی جاں بحق ہوگیا ہے۔
جاں بحق افراد میں 35سالہ نورین بیگم، 11 سالہ تابیہ، 13 سالہ سحر، 60 سالہ سیدی بیگم، 35 سالہ وقار بیگم، 8 سالہ اسناد، 7 سالہ حماد، 13 سالہ، ذویا، 11 سالہ عدلیشہ، 5 سالہ مبشر شامل ہیں۔
ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف حادثات میں اب تک 22 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ کئی مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر غیر ضروری سفر کرنے سے روک دیا ہے۔