ایک نیوز:چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ملٹری اکیڈمی کاکول آمد،قومی کرکٹرز کے فٹنس کیمپ کا مشاہدہ کیا۔
محسن نقوی کےدورے کا مقصد تربیتی کیمپ کے بارے میں جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے انعقاد میں پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کاکہنا تھا کہ فٹنس کیمپ پاکستان کے کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس کے لیے بہترین حالت میں ہوں جس میں اس سال جون میں ہونے والا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔
چیئر مین نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کیمپ میں ان کی لگن اور فعال شرکت پر ذاتی طور پر ان کی تعریف کی۔ کھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور ان کی فٹنس میں اضافے کے بڑھانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
کھلاڑیوں سے ملاقات کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی۔ ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میں اپنے کرکٹرز کو سپورٹ کرنے پر پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کا تعاون نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول میں اضافہ کرے گا بلکہ مستقبل میں انہیں مزید نظم و ضبط کا پابند بھی بنائے گا۔ یہ کیمپ یقینی طور پر کھلاڑیوں کو امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں عالمی ٹورنامنٹ کی طرف لے جانے والے ایک چیلنجنگ سفر سے پہلے مستحکم پوزیشن میں رکھے گا۔