ایک نیوز: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر میزبان و اداکارہ حنا خواجہ بیات ترک زلزلہ متاثرین سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کے لئے ترکیہ پہنچ گئیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر سینئر میزبان نے ترک صوبے ہاتے کے مختلف شہروں سے مقامی لوگوں کے ساتھ تصاویر شیئر کیں جن میں انہیں امدادی سامان تقسیم کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے ترک شہر انتاکیہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک خوبصورت شہر ہوا کرتا تھا لیکن آج زلزلے کے باعث تباہ ہوگیا ہے ، کئی متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ، گھروں کی تعمیر نو میں ان کا ساتھ دیں تاکہ یہ ایک بار پھر اپنی زندگی میں لوٹ سکیں۔
حنا خواجہ نے متاثرین کے لئے لگائے گئے امدادی کیمپ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اطمینان بخش اور محفوظ قرار دیا۔