ایک نیوز: آئی ایم ایف کی شرائط پر پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح میں ردوبدل کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے ڈیزل پر ریلیف دینے کی بجائے لیوی کی شرح میں اضافہ کر دیا ہے۔ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی 5 روپے فی لیٹر بڑھا دی گئی۔، ڈیزل پر لیوی 45 روپے سے بڑھا کر 50 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی 50 روپے فی لٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔پیٹرول پر لیوی پہلے سے ہی 50 روپے فی لٹر کی شرح سے عائد ہے۔لائٹ ڈیزل آئل پر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی 13 روپے 78 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 2 روپے 83 پیسے فی لیٹر کی شرح سے عائد ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے آئندہ 15 دنوں کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی ہیں جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں 10، 10 روپے کمی کی ہے۔