ایک نیوز: فلسطین میں فٹبال میچ کے دوران اسرائیلی فوج نے اسٹیڈیم کے اندر آنسو گیس شیلنگ کردی جس کے باعث کھلاڑیوں سمیت متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں نابلس کےفٹبال کلب مرکز بلاتہ اور یروشلم کے کلب جبل المکابر کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل میچ چل رہا تھا جس دوران اسرائیلی فوج نے اسٹیڈیم میں آنسو گیس شیلنگ کردی جس سے متعدد کھلاڑی اور شائقین شدید متاثر ہوئے۔
فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کاکہنا ہےکہ اسرائیلی فورسز نےمشرقی یروشلم کے قصبے الرام میں دحیات البرید اسٹریٹ میں فیصل الحسینی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے اندر آنسو گیس کے گولے داغے ہیں۔ اس واقعے میں کئی فلسطینی فٹ بال کھلاڑیوں اور درجنوں شائقین بشمول بچوں کو گیس کی وجہ سے سانس لینے میں شدید مشکلات پیش آئیں اور میدان میں ہی ان کا علاج کیا گیا جبکہ تین افراد کو نازک حالت کے باعث ہسپتال لے جایا گیا۔
آنسو گیس کی شیلنگ کے وقت ترکی کے جنرل قونصل احمد رضا دیمیرر اور پی ایف اے کے صدر جبریل الراجوب ابو عمار بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔